اورکزئی میں سیاحت اور تفریح کے فروغ کے لیے 2018ء میں شروع کیا گیا سمپوگ پارک کا منصوبہ تاحال مکمل نہیں ہو سکا ہے۔ یہ منصوبہ ضلع میں اپنی نوعیت کا واحد بڑا تفریحی اقدام سمجھا جاتا ہے، جس سے مقامی آبادی کو معیاری تفریحی سہولیات فراہم کرنے اور علاقے میں سیاحت کو فروغ دینے کی امید وابستہ تھی۔افتتاح کے وقت اعلان کیا گیا تھا کہ سمپوگ پارک کو جلد مکمل کر کے عوام کے لیے کھول دیا جائے گا، تاہم ترقیاتی کام مختلف وجوہات کی بنا پر سست روی کا شکار رہا۔ پارک کے کچھ حصوں میں ابتدائی ڈھانچہ موجود ہے، مگر جھولے، واکنگ ٹریک، سبزہ زار اور دیگر سہولیات مکمل طور پر فعال نہیں ہو سکیں اور پارک عوام اور سیاحوں کیلئے بند ہے اور نہ پینے کا صاف پانی میسر ہے۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اگر سمپوگ پارک مکمل ہو جائے تو نہ صرف اورکزئی کے عوام کو بہتر تفریحی سہولت میسر آئے گی بلکہ پڑوسی اضلاع، خصوصاً ہنگو، کوہاٹ اور دیگر سے بھی لوگ یہاں آ سکتے ہیں، جس سے علاقے میں سیاحتی سرگرمیوں اور مقامی کاروبار کو فروغ ملے گا۔موجودہ ایم پی اے اورنگزیب خان کا کہنا ہے کہ رواں سال سمپوگ پارک کی بیوٹیفکیشن کے لیے مزید ایک کروڑ روپے منظور کیے گئے ہیں جبکہ مزید اپگریڈیشن کے لیے آٹھ کروڑ روپے بھی مختص کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اضافی فنڈز کی فراہمی کے بعد کام کی رفتار تیز کی جائے گی اور منصوبہ بہت جلد مکمل کر لیا جائے گا۔