خیبرپختونخوا حکومت نے نجی سکولوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ اساتذہ کی تنخواہوں کی ادائیگی بینکوں کے ذریعے یقینی بنائی جائے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ انہیں کم از کم مقررہ اجرت اور معیار کے مطابق معاوضہ دیا جا رہا ہے یا نہیں؟ صوبے میں نجی تعلیمی اداروں میں اساتذہ کو سرکاری طور پر مقرر کردہ کم از کم ماہانہ اجرت 40 ہزار روپے سے کم تنخواہیں دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ بورڈ آف پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے مطابق ضلع سوات میں تقریباً 1200 سے زائد نجی سکول فعال ہیں جن میں سے بڑی تعداد پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ رجسٹرڈ ہے۔ دیگر اضلاع میں بھی ہزاروں پرائیویٹ سکول ہیں۔ ان اداروں میں پرائمری اور سیکنڈری سطح کے اساتذہ کو ماہانہ 12 سے 15 ہزار روپے جبکہ نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے اساتذہ کو 20 سے 25 ہزار روپے تک معاوضہ دیا جا رہا ہے، جو سرکاری طور پر مقررہ کم از کم اجرت سے کہیں کم ہے۔ نجی سکولوں میں اساتذہ کو باقاعدہ تحریری معاہدہ بھی فراہم نہیں کیا جاتا اور نہ ہی ملازمت کی شرائط واضح طور پر درج کی جاتی ہیں۔